کراچی (ویب ڈیسک)وفاقی وزیرِ تعلیم اور چیئرمین ایم کیو ایم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے واضح کیا ہے کہ غداری اور ضمیر فروشی کرنے والوں کے لیے اب پارٹی میں کوئی گنجائش باقی نہیں رہی۔

کراچی کے علاقے بہادر آباد میں ٹاؤن اور یوسی سطح کے ذمہ داران کی تربیتی نشست سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کسی فرد کی ذاتی جاگیر نہیں بلکہ مخلص کارکنان کی قربانیوں سے قائم ہونے والی ایک امانت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تنظیمی فیصلے اب کسی ایک شخص کی خواہش پر نہیں بلکہ کارکنان کی رائے اور اجتماعی مشاورت سے کیے جائیں گے۔

ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ اجتماعی قیادت ہی تحریک کی اصل طاقت ہے۔ انہوں نے ٹکٹوں کی مبینہ خرید و فروخت کو تحریک کے نظریاتی تشخص پر حملہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ تنظیم کو ایسی سرگرمیوں کا مکمل علم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کو کسی نام نہاد ماہر کی نہیں بلکہ ایسے نظریاتی کارکنان کی ضرورت ہے جو تحریک کو فکری طور پر مضبوط بنا سکیں۔

انہوں نے کارکنان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم میں شمولیت ذاتی مفادات اور آرام قربان کرنے کا تقاضا کرتی ہے، جو کارکن قوم کی خاطر یہ قربانی خوش دلی سے دیتا ہے وہی حقیقی حق پرست ہے۔

چیئرمین ایم کیو ایم نے مزید کہا کہ تحریک اپنی صفوں کو مفاد پرست عناصر سے پاک کر رہی ہے اور کارکنان کو چاہیے کہ افواہوں اور پروپیگنڈے سے دور رہتے ہوئے اپنی توانائیاں تنظیمی استحکام اور نظریاتی جدوجہد پر مرکوز رکھیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے