کراچی سے جدہ جانے والے ایک مسافر کو نجی ملکی ایئرلائن کے اسٹاف کی مبینہ غفلت کے باعث شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، جب بورڈنگ کاؤنٹر پر ٹکٹ کنفرمیشن کے دوران اس کا پاسپورٹ پھاڑ دیا گیا، جس کے باعث وہ بین الاقوامی پرواز سے محروم رہ گیا۔
متاثرہ مسافر قدرت اللہ ایئر بلیو کی پرواز پی اے 170 کے ذریعے جدہ روانہ ہو رہا تھا اور روزگار کے سلسلے میں ایک گروپ کے ہمراہ سعودی عرب جانا تھا۔ ذرائع کے مطابق جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایئر بلیو کے ٹکٹنگ کاؤنٹر اسٹاف سے مبینہ طور پر پاسپورٹ پھٹ گیا، جس کے بعد مسافر کو سفر کی اجازت نہ دی جا سکی۔
ایئرلائن کی پرواز مسافر کو چھوڑ کر جدہ روانہ ہو گئی، جبکہ پاسپورٹ خراب ہونے کے باعث قدرت اللہ کو شدید احتجاج کرتے دیکھا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پھٹے ہوئے پاسپورٹ پر بین الاقوامی سفر ممکن نہیں، جس کے باعث مسافر کو اب نیا پاسپورٹ بنوانا ہوگا۔
واقعے پر ایئرلائن انتظامیہ کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ مؤقف سامنے نہیں آیا۔