گوجرانوالہ (کیو این این ورلڈ/بیوروچیف محمد رمضان نوشاہی) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما و رکن قومی اسمبلی علی قاسم گیلانی اور رکن صوبائی اسمبلی و چیئرمین پبلک اکاؤنٹ کمیٹی علی حیدر گیلانی نے کہا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی عالمی امن اور استحکام کے لیے سنگین خطرہ بنتی جا رہی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ اس جنگ کو فوری طور پر روکنے کے لیے عالمی برادری کو اپنا موثر کردار ادا کرنا ہوگا، ورنہ یہ آگ پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے سکتی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما صغیر بٹ کی جانب سے دیے گئے ایک پروقار عشائیہ کے موقع پر کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس تقریب میں معروف صنعتکار اور گارڈ گروپ کے سی او مومن ملک، دانیال قریشی، علی سبحانی، ملک حسن، زبیر بٹ، ذوالفقار بٹ، کامران خالد بٹ، شیر افگن فاروق بٹ، فرحان ربانی، یاسر اعجاز، گلزار عالمگیر، طارق گجر، ذیشان بٹ، منصور خاں، معظم بٹ اور وقاص بھٹہ سمیت دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔
گیلانی برادران کا کہنا تھا کہ جنگ کبھی بھی کسی مسئلے کا حل نہیں ہوتی بلکہ اس کے تباہ کن اثرات کا خمیازہ نسلوں کو بھگتنا پڑتا ہے۔ انہوں نے ایران پر اسرائیل اور امریکی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس سے نہ صرف قیمتی جانوں کا ضیاع ہو رہا ہے بلکہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں بڑھنے سے مہنگائی کا نیا طوفان آ رہا ہے۔ پاکستان میں تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے، لہٰذا حکومت کو چاہیے کہ وہ عوام کو فوری ریلیف فراہم کرنے کے لیے ہنگامی اقدامات کرے۔