ننکانہ صاحب (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار احسان اللہ ایاز) پاکستان کے معروف عالمِ دین مولانا محمود الحسن غضنفر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ قرآنِ پاک کو اللہ رب العالمین نے رمضان المبارک کے آخری عشرے کی طاق رات، لیلۃ القدر میں نازل فرمایا، اور یہ انسانیت کے لیے مکمل ضابطۂ حیات اور شفا ہے۔
انہوں نے کہا کہ قرآن مجید اعتقادی بیماریوں جیسے کفر، شرک اور نفاق کے ساتھ ساتھ اخلاقی امراض حسد، بغض، کینہ، حرص اور لالچ کے لیے بھی شفا ہے۔ قرآنِ کریم میں ارشادِ ربانی ہے کہ “لوگو! تمہارے پاس تمہارے رب کی طرف سے نصیحت آچکی ہے، یہ دلوں کے امراض کی شفا اور مومنوں کے لیے ہدایت اور رحمت ہے۔”
مولانا محمود الحسن غضنفر نے مزید کہا کہ قرآن مجید نہ صرف روحانی و اخلاقی بیماریوں بلکہ جسمانی امراض کے لیے بھی باعثِ شفا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ محمد صلی اللہ علیہ وسلم جب علیل ہوتے تو اپنے اوپر معوذات پڑھ کر دم فرمایا کرتے تھے، اور جب مرض کی شدت بڑھ جاتی تو ام المؤمنین عائشہ صدیقہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا آپ ﷺ پر دم کیا کرتی تھیں۔
انہوں نے کہا کہ سورۂ فاتحہ کسی بیمار پر پڑھ کر دم کی جائے تو اللہ رب العالمین اپنے فضل سے شفا عطا فرماتے ہیں، لہٰذا مسلمانوں کو چاہیے کہ قرآن مجید سے اپنا تعلق مضبوط کریں اور اس کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوں۔