اسلام آباد (کیو این این ورلڈ)وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنے کا فیصلہ نہایت اچھا اور بروقت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس فیصلے کے ذریعے واضح پیغام دیا گیا ہے کہ کرکٹ کی اس طرح کی مینجمنٹ اور سیاسی مداخلت کو قبول نہیں کیا جائے گا۔
نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ بھارت نے کھیل کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کی اور کرکٹ کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیا۔ ان کے مطابق بھارت کی جانب سے رویوں کی وجہ سے کرکٹ اپنی اصل روح، یعنی جنٹل مین گیم، سے دور ہوتی جا رہی ہے۔
وزیر دفاع نے کہا کہ بھارت نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو یرغمال بنا رکھا ہے اور کھیل کو کاروبار کی نذر کر دیا گیا ہے، حالانکہ کرکٹ کو سیاست اور تجارتی دباؤ سے پاک رہنا چاہیے۔
خواجہ آصف کا مزید کہنا تھا کہ کھیل کو کھیل ہی رہنا چاہیے اور اس میں یکطرفہ فیصلوں یا بالادستی کی کوئی گنجائش نہیں ہونی چاہیے۔