ٹھٹھہ(کیو این این ورلڈ/ڈسٹرکٹ رپورٹر بلاول سموں):ٹھٹھہ کے علاقے مکلی بائی غلام اللہ چوک کے قریب ایک دلخراش ٹریفک حادثے میں ٹرالر جھونپڑی میں گھس گیا جس کے نتیجے میں سوئے ہوئے ایک ہی خاندان کے تین افراد جاں بحق جبکہ ایک بچہ شدید زخمی ہو گیا۔

پولیس کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایک ٹرالر قریب واقع پٹرول پمپ پر پٹرول بھروا رہا تھا کہ اچانک گاڑی چل پڑی اور ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر سڑک کنارے قائم جھونپڑی میں جا گھسی۔ جھونپڑی میں سوئے افراد ٹرالر کے نیچے آ کر بری طرح کچلے گئے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری اور امدادی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور ملبے تلے دبے افراد کو نکال کر ہسپتال منتقل کیا گیا۔ تاہم تین افراد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ ایک بچہ شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

پولیس حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والوں کی شناخت امیر، جانکی اور گڈی کے ناموں سے ہوئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والے افراد آپس میں ماں، بیٹا اور بیٹی تھے جبکہ زخمی ہونے والی بچی بھی اسی خاندان کی ہے۔

پولیس نے واقعے کے بعد ٹرالر ڈرائیور کو حراست میں لے کر مزید تفتیش شروع کر دی ہے جبکہ ضروری قانونی کارروائی کے بعد جاں بحق افراد کی لاشیں ورثا کے حوالے کر دی گئی ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے