ٹھٹھہ (کیو این این ورلڈ/ بلاول سموں) ٹھٹھہ حیدرآباد روڈ پر ہیلایا اسٹاپ کے قریب کینجھر تھانے کے سامنے تیل سے بھرا ٹینکر الٹنے کے بعد آگ کی لپیٹ میں آ گیا، جس کے نتیجے میں ٹینکر مکمل طور پر جل کر خاکستر ہو گیا جبکہ ڈرائیور شدید جھلس کر زخمی ہو گیا۔ عینی شاہدین کے مطابق ٹینکر اچانک بے قابو ہو کر الٹا اور فوراً ہی اس میں ہولناک آگ بھڑک اٹھی۔
آگ کی شدت اس قدر زیادہ تھی کہ شعلوں نے قریبی مارکیٹ کی متعدد دکانوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا جس سے املاک کو شدید نقصان پہنچا، جبکہ پولیس چیک پوسٹ بھی اس آگ کی زد میں آگئی۔ مقامی افراد نے فوری طور پر اپنی مدد آپ کے تحت زخمی ڈرائیور کو ٹینکر سے نکال کر اسپتال منتقل کیا جہاں اسے طبی امداد دی جا رہی ہے۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں اور آگ پر قابو پانے کی کوششیں شروع کر دیں۔ پولیس نے سیکیورٹی کے پیشِ نظر علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے تاکہ کسی بھی مزید جانی و مالی نقصان سے بچا جا سکے۔