تھرپارکر (کیو این این ورلڈ) ضلعی ہیڈکوارٹر مٹھی کے اسپتال میں گزشتہ پانچ روز کے دوران زیر علاج مزید چھ بچوں کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ اسپتال ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والے بچے مختلف بیماریوں اور کمزور قوتِ مدافعت کے باعث انتہائی نگہداشت وارڈ میں زیر علاج تھے۔
ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والے دو بچوں کا تعلق مٹھی شہر سے تھا جبکہ چار بچے دیہی علاقوں سے تعلق رکھتے تھے۔ مٹھی اسپتال میں ایک ماہ کے دوران مختلف امراض کے باعث جاں بحق ہونے والے بچوں کی تعداد اب 50 تک پہنچ گئی ہے۔
ایم ایس سول اسپتال نے بتایا کہ بچوں کی ہلاکتوں کی بنیادی وجوہات گھروں میں زچگی کے دوران پیدا ہونے والے مسائل اور کم وزن کے ساتھ پیدائش ہیں۔ اسپتال انتظامیہ نے والدین کو احتیاطی تدابیر اپنانے اور بچوں کی ابتدائی طبی دیکھ بھال پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی ہے۔