لاہور، (کیو این این ورلڈ) بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کے صدر امین الاسلام نے لاہور میں چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی سے اہم ملاقات کی اور ٹی 20 ورلڈ کپ کے تناظر میں بھارت میں نہ کھیلنے کے مؤقف پر پاکستان کی جانب سے ملنے والی بھرپور حمایت پر شکریہ ادا کیا۔ بی سی بی کے صدر جب قذافی اسٹیڈیم پہنچے تو محسن نقوی نے ان کا پرتپاک خیر مقدم کیا، جس کے بعد ہونے والی ملاقات میں امین الاسلام نے واضح کیا کہ بنگلہ دیش اپنے اصولی مؤقف پر پاکستان کی یکجہتی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ اس اہم موقع پر آئی سی سی کے ڈپٹی چیئرمین عمران خواجہ بھی قذافی اسٹیڈیم پہنچ چکے ہیں، جہاں پی سی بی، آئی سی سی اور بی سی بی حکام کے درمیان سہ فریقی مذاکرات کا سلسلہ جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق ان اعلٰی سطحی مذاکرات کا بنیادی ایجنڈا پاکستان کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے راؤنڈ میچز میں بھارت کے خلاف کھیلنے پر آمادہ کرنا ہے، کیونکہ پاکستان نے بنگلہ دیش سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنے کا دو ٹوک اعلان کر رکھا ہے۔ کرکٹ مبصرین کا کہنا ہے کہ اگر پاکستان اپنے فیصلے پر قائم رہتا ہے اور پاک بھارت ٹاکرا نہیں ہوتا تو آئی سی سی کو اربوں روپے کے بھاری مالی نقصانات کا سامنا کرنا پڑے گا، یہی وجہ ہے کہ عالمی کرکٹ باڈی کے حکام پاکستان کو منانے کے لیے سرگرم ہیں۔ پاکستان کے اس سخت مؤقف نے عالمی کرکٹ سیاست میں ہلچل پیدا کر دی ہے اور اب تمام نظریں قذافی اسٹیڈیم میں جاری ان مذاکرات کے حتمی نتیجے پر لگی ہوئی ہیں۔