سکھر:(کیو این این ورلڈ/نامہ نگارمشتاق علی لغاری) ڈی آئی جی سکھر رینج کیپٹن (ر) فیصل عبداللہ چاچڑ کی سربراہی میں گزشتہ 14 ماہ (نومبر 2024 سے دسمبر 2025) کی تفصیلی کارکردگی رپورٹ جاری کر دی گئی ہے، جس میں کچا ایریا میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف آپریشنز، پولیس ویلفیئر اور عوامی تحفظ کے حوالے سے غیر معمولی کامیابیوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق اس عرصے کے دوران سکھر رینج کے تینوں اضلاع میں مجموعی طور پر 579 پولیس مقابلے ہوئے جن میں 40 انتہائی خطرناک جرائم پیشہ افراد ہلاک، 182 زخمی اور 864 کو گرفتار کیا گیا، جبکہ 263 گینگز کا خاتمہ کر کے 25 کرمنلز کو ہتھیار ڈالنے پر مجبور کیا گیا۔ ہلاک ہونے والوں میں 6 ایسے بدنام ڈاکو بھی شامل تھے جن کے سروں پر 20 سے 50 لاکھ روپے تک کا انعام مقرر تھا۔ اشتہاری اور مفرور ملزمان کے خلاف گھیرا تنگ کرتے ہوئے قتل کے مقدمات میں مطلوب 437 اشتہاریوں سمیت مجموعی طور پر ہزاروں ملزمان کو قانون کی گرفت میں لایا گیا۔
منشیات کے خلاف جاری مہم میں پولیس نے 1383 مقدمات درج کر کے 1586 ملزمان کو گرفتار کیا، جن سے بھاری مقدار میں ہیروئن، چرس، شراب، آئس اور 8543 کلو گرام سے زائد گٹکا ماوا برآمد کیا گیا۔ اسلحہ اسمگلنگ کے خلاف کارروائیوں میں 53 کلاشنکوف، 660 پستول، ہینڈ گرنیڈز اور راکٹ لانچر سمیت جدید جنگی ساز و سامان کی بڑی کھیپ ضبط کی گئی۔ رپورٹ کی سب سے اہم کامیابی مغویوں کی بازیابی ہے؛ ڈی آئی جی سکھر کی حکمت عملی کے باعث 70 مغویوں کو بغیر کسی تاوان کے باحفاظت بازیاب کرایا گیا جبکہ 1781 افراد کو ہنی ٹریپ کا شکار ہو کر اغوا ہونے سے بچایا گیا۔ اس وقت سکھر رینج میں اغوا برائے تاوان کا کوئی بھی مغوی ڈاکوؤں کے قبضے میں نہیں ہے، جو کہ امن و امان کی صورتحال میں ایک بڑی تبدیلی کی علامت ہے۔
پولیس ویلفیئر اور اندرونی احتساب کے حوالے سے بھی رپورٹ میں اہم اعداد و شمار پیش کیے گئے ہیں۔ دورانِ سروس کوتاہی برتنے والے 96 افسران و اہلکاروں کو میجر پنشمنٹ جبکہ 175 کو مائنر پنشمنٹ دی گئی، دوسری طرف بہترین کارکردگی پر 360 اہلکاروں کو نقد انعامات اور تعریفی اسناد سے نوازا گیا۔ پولیس شہداء کے خاندانوں کے لیے 14 نوکریوں کے آرڈر جاری کیے گئے اور ویلفیئر کی مد میں کروڑوں روپے کے فنڈز فراہم کیے گئے۔ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ دیتے ہوئے ہوٹل آئی اور تلاش ایپلی کیشن کے ذریعے درجنوں اشتہاریوں کو گرفتار کیا گیا۔ عوامی شکایات کے ازالے کے لیے قائم سیل میں موصولہ 8190 شکایات میں سے 7174 کو فوری حل کیا گیا۔ سکھر رینج کے تاجروں، میڈیا اور سماجی حلقوں نے ڈی آئی جی کیپٹن (ر) فیصل عبداللہ چاچڑ کی ان خدمات کو سراہتے ہوئے اسے خطے میں دیرپا امن کے لیے ایک مشعلِ راہ قرار دیا ہے۔