سوڈان میں ڈرون حملے کے نتیجے میں اقوام متحدہ کے امن مشن سے وابستہ بنگلادیش کے 6 اہلکار جاں بحق ہو گئے۔ اقوام متحدہ کے مشن کے مطابق ہفتے کے روز سوڈان کے علاقے کوردوفان میں یو این مشن کے بیس کو ڈرون حملے کا نشانہ بنایا گیا۔
حملے کے نتیجے میں 6 امن اہلکار زخمی بھی ہوئے، جن میں سے 4 کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ زخمی ہونے والے تمام اہلکاروں کا تعلق بھی بنگلادیش سے ہے، جنہیں فوری طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
بنگلادیش کے عبوری سربراہ محمد یونس نے واقعے کی سخت مذمت کرتے ہوئے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا ہے کہ جاں بحق اور زخمی اہلکاروں کے لیے ہر ممکن ہنگامی امداد اور تعاون یقینی بنایا جائے۔
دوسری جانب اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے امن مشن کے ارکان پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس نوعیت کے حملے ناقابلِ جواز ہیں اور انہیں جنگی جرائم کے زمرے میں شمار کیا جا سکتا ہے۔
سوڈانی فوج نے ڈرون حملے کا الزام باغی گروہ ریپڈ سپورٹ فورس (آر ایس ایف) پر عائد کیا ہے، تاہم آر ایس ایف کی جانب سے واقعے پر تاحال کوئی ردِعمل سامنے نہیں آیا۔
واضح رہے کہ سوڈانی فوج اور آر ایس ایف کے درمیان گزشتہ دو برس سے زائد عرصے سے خانہ جنگی جاری ہے، جس کے دوران اب تک ہزاروں افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔