گھوٹکی (کیو این این ورلڈ/نامہ نگارمشتاق علی لغاری) ایس ایس پی گھوٹکی انور کھیتران نے کچے کے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سخت ترین موقف اختیار کرتے ہوئے انہیں 48 گھنٹوں کا حتمی الٹی میٹم دے دیا ہے کہ وہ مقررہ وقت کے اندر تمام مغویوں کو بحفاظت رہا کر دیں۔ ایس ایس پی نے واضح کیا کہ کچے کے ڈاکو اور جرائم پیشہ افراد پولیس اور دیگر ریاستی اداروں کے خلاف سوشل میڈیا پر کی گئی اپنی تمام توہین آمیز اور اشتعال انگیز پوسٹیں بھی فوری طور پر ڈیلیٹ کریں، بصورتِ دیگر ان کے خلاف ایسی کارروائی عمل میں لائی جائے گی جو ان کی آنے والی نسلیں بھی یاد رکھیں گی۔ انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ اب ریاست کی رٹ کو چیلنج کرنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا اور کسی بھی قانون شکن کے ساتھ کسی قسم کی کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔
ایس ایس پی انور کھیتران کا مزید کہنا تھا کہ ضلع میں امن و امان کی بحالی اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے مکمل طور پر متحرک اور الرٹ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کچے کے دشوار گزار علاقوں میں چھپے جرائم پیشہ افراد کے گرد گھیرا تنگ کر دیا گیا ہے اور بہت جلد ان کے خلاف ایک فیصلہ کن گرینڈ آپریشن شروع کیا جائے گا جس کا مقصد علاقے کو ان ناسوروں سے پاک کرنا ہے۔ انور کھیتران نے خبردار کیا کہ جو عناصر ریاست کے خلاف ہتھیار اٹھانے یا ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر پروپیگنڈا کرنے میں ملوث ہیں، وہ قانون کی گرفت سے کسی صورت نہیں بچ سکیں گے کیونکہ پولیس امن دشمنوں کے خاتمے کے لیے ہر حد تک جانے کو تیار ہے۔
