کولمبو (کیو این این ورلڈ) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سری لنکا کے صدر انورا کمارا ڈسانائیکے سے اہم ملاقات کی، جس میں پاکستانیوں کو درپیش ویزا مشکلات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفاقی وزیر اوورسیز پاکستانیز چودھری سالک حسین بھی اس موقع پر موجود تھے۔
ملاقات کے دوران وزیر داخلہ محسن نقوی نے پاکستانی شہریوں کو ویزا کے حصول میں پیش آنے والی رکاوٹوں سے آگاہ کیا۔ سری لنکن صدر نے اس کا فوری نوٹس لیتے ہوئے پاکستان کو تمام پابندیوں والی لسٹوں سے نکالنے کا حکم جاری کر دیا۔
سری لنکن صدر نے پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ بہت جلد سری لنکا کی وزیراعظم کو پاکستان کے سرکاری دورے پر بھیج رہے ہیں۔ انہوں نے پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعاون کو نئی بلندیوں تک لے جانے کی خواہش کا اظہار کیا۔
ملاقات میں انسداد دہشت گردی، انسداد منشیات اور دونوں ممالک کی فورسز کی مشترکہ ٹریننگ کے امور پر بھی تفصیلی بات چیت ہوئی۔ محسن نقوی نے پاک سری لنکا تعلقات کے فروغ کے لیے سری لنکن صدر کے مثبت کردار کی بھرپور تعریف کی۔
وزیر داخلہ نے وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے سری لنکن صدر کو پاکستان کا دورہ کرنے کا باقاعدہ دعوت نامہ بھی پہنچایا۔ انہوں نے ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے بہترین انتظامات اور پاکستانی وفد کی شاندار میزبانی پر سری لنکن قیادت کا شکریہ ادا کیا۔
سری لنکا کے صدر نے کولمبو میں بھارت کے خلاف میچ کھیلنے پر وزیراعظم شہباز شریف کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ سری لنکا پاکستان کے اس خیر سگالی کے جذبے کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، جس سے خطے میں کھیلوں کے فروغ کو تقویت ملی ہے۔