ڈیرہ غازی خان (کیو این این ورلڈ/سٹی رپورٹر) یومِ شہادت حضرت علیؓ کے موقع پر ڈیرہ غازی خان میں صفائی و ستھرائی کے خصوصی انتظامات مکمل کر لیے گئے۔ ڈائیوو ویسٹ مینجمنٹ کے ریجنل منیجر منصور ناگرہ اور ڈویژنل کوآرڈی نیٹر عبداللہ عباسی نے شہر کا تفصیلی دورہ کیا اور فیلڈ انتظامات کا جائزہ لیا۔

اس موقع پر ریجنل منیجر منصور ناگرہ اور ڈویژنل کوآرڈی نیٹر عبداللہ عباسی نے مجالس اور جلوسوں کے مقامات اور روٹس کا معائنہ کیا اور عملے کو ہدایت دی کہ صفائی کے انتظامات ہر صورت یقینی بنائے جائیں تاکہ شہریوں اور عزاداروں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

انتظامیہ کے مطابق یہ اقدامات وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن پر عملدرآمد اور ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان کی ہدایات کی روشنی میں کیے گئے ہیں۔ مجالس اور جلوسوں کے روٹس پر خصوصی صفائی آپریشن کیا گیا جبکہ مختلف مقامات پر اضافی عملہ بھی تعینات کیا گیا ہے۔

ریجنل منیجر منصور ناگرہ نے صفائی عملے کو ہدایت کی کہ کسی بھی مقام پر کوڑا کرکٹ یا گندگی باقی نہ رہنے دی جائے اور جلوسوں کے راستوں کو مسلسل صاف رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ڈائیوو ویسٹ مینجمنٹ کی ٹیمیں عزاداری کے تمام پروگراموں کے دوران الرٹ رہیں گی تاکہ صفائی کا عمل بلا تعطل جاری رکھا جا سکے۔

انہوں نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ صفائی ستھرائی کے حوالے سے ضلعی انتظامیہ اور ویسٹ مینجمنٹ ٹیموں سے تعاون کریں اور کوڑا کرکٹ مناسب مقامات پر ڈالیں تاکہ شہر کو صاف ستھرا رکھنے میں مدد مل سکے اور عزاداری کے اجتماعات صاف، محفوظ اور پرامن ماحول میں منعقد ہو سکیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے