سیالکوٹ: (کیو این این ورلڈ/ڈسٹرکٹ رپورٹر حسنین راجہ) تھانہ حاجی پورہ کے علاقے فاضل چوک میں کار سوار شہری ریحان پر فائرنگ کرنے والے دو نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان کو پولیس نے سی سی ٹی وی کیمروں اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے گرفتار کر لیا ہے۔ تفتیش کے دوران یہ حیرت انگیز انکشاف سامنے آیا ہے کہ ملزمان کو بیرون ملک مقیم ایک شخص نے شہری کو قتل کرنے کے لیے ہائیر کیا تھا، جس کا مقصد مقتول کی اہلیہ سے شادی کرنا تھا۔
تفصیلات کے مطابق چند روز قبل فاضل چوک میں دو مسلح ملزمان نے شہری ریحان کی گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کی تھی، تاہم خوش قسمتی سے شہری محفوظ رہا جبکہ گاڑی پر گولیوں کے نشانات آئے۔ قائم مقام ڈی پی او سیالکوٹ محمد حسیب راجہ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی ایس پی سٹی طارق محمود ڈھڈی اور ایس ایچ او حاجی پورہ غازی میاں عبدالرزاق پر مشتمل ٹیم تشکیل دی، جس نے 100 سے زائد کیمروں کی فوٹیج چیک کرنے کے بعد ملزمان طیب امجد اور ثقلین کو ٹریس کر کے گرفتار کر لیا۔
دورانِ تفتیش ملزمان نے انکشاف کیا کہ انہیں بیرون ملک مقیم افتخار عرف کالی نامی شخص نے ریحان کو راستے سے ہٹانے کے لیے سپاری دی تھی۔ ملزم افتخار ریحان کی بیوی سے شادی کرنے کا خواہشمند تھا اور اس مقصد کے لیے اس نے شوٹرز کا سہارا لیا۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ برآمد کر لیا ہے جبکہ بیرون ملک مقیم مرکزی ملزم کی گرفتاری کے لیے بھی قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مقدمے کی تفتیش تمام پہلوؤں سے جاری ہے تاکہ تمام حقائق سامنے لائے جا سکیں۔
