سیالکوٹ (کیو این این ورلڈ/محمدیامین مغل سے) خدمتِ خلق اور انسانیت کی بلا تفریق خدمت کے اعتراف میں معروف نفسیاتی و روحانی معالج اور موٹیویشنل سپیکر قاری عمر وقاص کو گولڈ میڈل کے اعزاز سے نوازا گیا ہے۔ یہ اعزاز انہیں اینٹی نارکوٹکس اور آل پاکستان میڈیا ہاؤس کے زیرِ اہتمام منعقدہ انسدادِ منشیات کے سالانہ سیمینار کے موقع پر دیا گیا۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی لیفٹیننٹ کرنل فیصل محمود اور ڈاکٹر زمان ہنجرا نے قاری عمر وقاص کی انسانی ہمدردی کے لیے کی جانے والی انتھک کاوشوں کو سراہتے ہوئے انہیں یہ تمغہ پیش کیا۔

قاری عمر وقاص سیالکوٹ کے ایک بڑے تاریخی پراجیکٹ "عمر میڈیکل انسٹیٹیوٹ کمپلیکس” کے چیف آرگنائزر کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں، جو کہ 600 بستروں پر مشتمل ایک جدید طبی مرکز ہے۔ سیمینار کے شرکاء کو بتایا گیا کہ قاری عمر وقاص اللہ کی رضا کے لیے فی سبیل اللہ اور حسبِ استطاعت کی بنیاد پر دکھی انسانیت کے علاج معالجے میں مصروفِ عمل ہیں۔ ان کی کاوشوں کا مقصد ایک مہذب معاشرے کی تشکیل اور ضرورت مندوں کو بروقت معیاری طبی سہولیات فراہم کرنا ہے، جس کے لیے وہ دن رات کوشاں ہیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے لیفٹیننٹ کرنل فیصل محمود اور دیگر مقررین نے کہا کہ معاشرے میں منشیات جیسی لعنت کے خاتمے اور نفسیاتی امراض کے شکار افراد کی بحالی کے لیے قاری عمر وقاص جیسے افراد کا کردار مشعلِ راہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت کے لیے اپنی زندگی وقف کر دینا ایک عظیم عمل ہے اور قاری عمر وقاص کی خدمات اس حوالے سے منفرد اور نمایاں ہیں۔ ان کی جانب سے کیے جانے والے فلاحی کاموں نے نہ صرف سیالکوٹ بلکہ پورے گوجرانوالہ ڈویژن میں ایک مثبت مثال قائم کی ہے۔

واضح رہے کہ قاری عمر وقاص سیالکوٹ میں عملی خدمتِ انسانیت کے ایک وسیع نیٹ ورک کی نگرانی کر رہے ہیں، جہاں سینکڑوں مستحق مرد و خواتین کے لیے نہ صرف مفت علاج معالجہ فراہم کیا جاتا ہے بلکہ ان کے لیے رہائش، کھانے اور تعلیم و تربیت کے بہترین انتظامات بھی موجود ہیں۔ ان کے اس فلاحی ادارے سے روزانہ کی بنیاد پر بڑی تعداد میں مریض مستفید ہو رہے ہیں، جو ان کے انسانیت دوست وژن کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ تقریب کے اختتام پر شرکاء نے قاری عمر وقاص کی کامیابی اور ان کے منصوبوں کی تکمیل کے لیے دعا کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے