سیالکوٹ (کیو این این ورلڈ/بیوروچیف مدثر رتو) وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے لاپتہ افراد کے معاملے کو "ٹوٹل فراڈ” قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردوں نے انسانی حقوق کا لبادہ اوڑھ رکھا ہے، تاہم ریاست پورے ملک سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کر کے دم لے گی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے انکشاف کیا کہ زیادہ تر نام نہاد لاپتہ افراد درحقیقت کالعدم بی ایل اے کے متحرک ارکان ہیں، جو جب مقابلوں میں مارے جاتے ہیں تو پتا چلتا ہے کہ ان کے نام لاپتہ افراد کی فہرست میں شامل تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان افراد کے لواحقین لاپتہ افراد کا الاؤنس بھی وصول کرتے رہے ہیں، جو کہ ایک سنگین مذاق ہے۔

وزیر دفاع نے دہشت گردی کی حالیہ لہر میں خواتین اور بچوں کے استعمال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دشمن اب معصوم ذہنوں کو استعمال کر رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حالیہ حملوں میں دو مقامات پر خواتین کو استعمال کیا گیا، جبکہ کراچی میں گرفتار ہونے والی خودکش بمبار بچی نے بھی اعتراف کیا کہ اس کی ذہن سازی کی گئی تھی۔ خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ بھارت براہِ راست ان کارروائیوں میں ملوث ہے اور بی ایل اے ایک "فارن فنڈڈ” تنظیم بن چکی ہے جسے پاکستان کو معاشی اندھیروں میں دھکیلنے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے بھارت اور افغانستان کو خبردار کیا کہ وہ بی ایل اے اور ٹی ٹی پی جیسی فرنچائزز استعمال کرنے سے باز رہیں۔

خواجہ آصف نے ملک کے مختلف حصوں بشمول کوئٹہ، دالبندین اور نوشکی میں ہونے والے حملوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں نے 12 مقامات کو نشانہ بنانے کی ناکام کوشش کی مگر سکیورٹی فورسز نے انہیں بھرپور جواب دیا، جس کے نتیجے میں دہشت گرد بے شمار لاشیں چھوڑ کر فرار ہونے پر مجبور ہوئے۔ انہوں نے مودی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی وزیراعظم عالمی خوشنودی کے لیے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہے ہیں، جبکہ خود بھارتی اپوزیشن بھی ان کی پالیسیوں پر سوال اٹھا رہی ہے۔

سیاسی صورتحال پر بات کرتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں تمام سیاسی جماعتوں کو متحد ہونا چاہیے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی جانب سے دہشت گردی کی مذمت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ سیاسی مفادات سے بالاتر ہو کر مٹی سے محبت کو ترجیح دینا ہوگی۔ انہوں نے واضح کیا کہ جو سیاسی عناصر خاموشی اختیار کرتے ہیں وہ بالواسطہ سہولت کاری کا سبب بنتے ہیں، لہٰذا اب وقت آ گیا ہے کہ پوری قوم اپنی افواج کے ساتھ کھڑی ہو کر اس ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے