سیالکوٹ (کیو این این ورلڈ/ڈسٹرکٹ رپورٹر حسنین راجہ) ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر نوید اقبال نے سینٹرل ریسکیو اسٹیشن کچہری روڈ اور تحصیل پسرور اسٹیشن کا دورہ کر کے ریسکیورز کی ماہانہ کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر تحصیل انچارج پسرور محمد احسان، سیالکوٹ انچارج محمد رضا اور اسٹیشن کوآرڈینیٹر محمد طارق نے انہیں بریفنگ دی اور اسٹیشن کے مختلف شعبوں کا معائنہ کروایا۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر نے ریسکیورز کی ظاہری حالت (ٹرن آؤٹ)، ریسکیو ایمبولینسز، فائر وہیکلز کے معیار اور اسٹور ریکارڈ کی جانچ پڑتال کی۔
انجینئر نوید اقبال نے ریسکیورز سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اہلکار اپنی جسمانی صحت پر خصوصی توجہ دیں، کیونکہ ایک صحت مند ریسکیور ہی عوامی خدمت کے جذبے سے صحیح معنوں میں سرشار رہ سکتا ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام ایمرجنسی گاڑیوں کو ہر وقت مکمل تیار (اپ ٹو دی مارک) رکھا جائے تاکہ کسی بھی حادثے کی صورت میں عوام کو بلا تاخیر امداد فراہم کی جا سکے۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر نے مجموعی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا اور مستقبل میں سروس کے معیار کو مزید بہتر بنانے کے لیے ضروری ہدایات جاری کیں۔