سیالکوٹ (کیو این این ورلڈ/ڈسٹرکٹ رپورٹر حسنین راجہ) پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کارروائی، 2 ہزار 100 کلو مردہ مرغیاں تلف، سپلائر گرفتار

ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے حکم پر سیالکوٹ فوڈ سیفٹی ٹیموں نے محمد والا اڈا مراکیوال میں بڑے پیمانے پر مردہ مرغیوں کی ترسیل ناکام بنا دی۔ کارروائی کے دوران 2 ہزار 100 کلو مردہ مرغیاں تلف کر دی گئیں اور سپلائر کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔

ترجمان فوڈ اتھارٹی کے مطابق، گاڑی میں مردہ مرغیاں سپلائی کے لیے لوڈ کی جا رہی تھیں، جنہیں فوڈ سیفٹی ٹیموں نے طویل ریکی کے بعد پکڑا۔ تفصیلی معائنے کے بعد یہ مرغیاں انسانی استعمال کے لیے مضر قرار پائیں۔

ترجمان نے بتایا کہ سپلائر کے پاس لازم ریکارڈ اور ضروری دستاویزات موجود نہیں تھیں۔ شہریوں کو خبردار کیا گیا کہ بیمار اور ناقص گوشت کے استعمال سے موذی امراض لاحق ہو سکتے ہیں۔

فوڈ اتھارٹی نے کہا کہ جعل ساز مافیا زیادہ منافع کے لیے خوراک نہیں بلکہ بیماری فروخت کرتا ہے، اور شہری گوشت یا دیگر بنیادی اشیاء خریدنے سے قبل جانچ پڑتال یقینی بنائیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کے حکم پر معیاری خوراک کی فراہمی کے لیے مسلسل چیکنگ جاری ہے۔ شہری اس طرح کے واقعات کی اطلاع فوری طور پر پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ہیلپ لائن 1223 پر دے سکتے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے