سیالکوٹ (کیو این این ورلڈ، بیورو چیف مدثر رتو) گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ کے سنڈیکیٹ کا 23واں اجلاس پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن لاہور کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا، جس کی صدارت وزیر تعلیم و چیئرپرسن سنڈیکیٹ رانا سکندر حیات نے بطور پرو چانسلر کی۔ اجلاس میں چیئرمین پی ایچ ای سی پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد، پروفیسر ڈاکٹر طلعت نصیر پاشا اور وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شازیہ بشیر سمیت دیگر معزز اراکین نے شرکت کی اور یونیورسٹی کے انتظامی و تعلیمی امور پر اہم فیصلے کیے۔
اجلاس کے دوران یونیورسٹی کے مالیاتی، انتظامی اور تعلیمی ایجنڈا آئٹمز پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا، جس میں فنانس اینڈ پلاننگ کمیٹی اور اکیڈمک کونسل کی سفارشات کی منظوری دی گئی۔ اس موقع پر علامہ اقبال کلچرل اینڈ ریسرچ سینٹر اور سیالکوٹ سینٹر آف ایکسیلنس فار انوویشن اینڈ انڈسٹریل ڈویلپمنٹ کے قیام جیسے دوررس نتائج کے حامل منصوبوں پر بھی اتفاق کیا گیا۔ وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے علامہ اقبال ریسرچ سینٹر کے قیام کی منظوری دیتے ہوئے یونیورسٹی انتظامیہ کی کارکردگی کو سراہا۔
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شازیہ بشیر نے اجلاس کے کامیاب انعقاد پر تمام اراکین کی قیمتی آراء کا شکریہ ادا کیا اور رجسٹرار اعجاز احمد سمیت ان کی ٹیم کی کاوشوں کی تعریف کی۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سنڈیکیٹ کے فیصلوں کی روشنی میں یونیورسٹی کو تحقیق، تدریس اور انتظامی نظم و نسق میں مزید بہتر بنایا جائے گا تاکہ طالبات کو عالمی معیار کی تعلیمی سہولیات میسر آ سکیں۔