کرتارپور (کیو این این ورلڈ) بھارتی حکام کی جانب سے کرتارپور کوریڈور بند رکھنے کے باعث سکھوں کا مذہبی جلوس ‘نگر کیرتن’ گوردوارہ دربار صاحب کرتارپور تک نہ پہنچ سکا، جس کے نتیجے میں سرحد کے دونوں اطراف اپنی اپنی حدود میں علامتی تقریبات منعقد کی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی پنجاب کے شہر سری مکتسر صاحب سے بھائی جگدیپ سنگھ کی قیادت میں 28 فروری کو روانہ ہونے والے اس قافلے کے استقبال کے لیے گوردوارہ دربار صاحب کرتارپور کے زیرو لائن گیٹ پر خصوصی انتظامات کیے گئے تھے۔ تاہم بھارتی ہٹ دھرمی کے باعث جلوس کو پاکستانی حدود میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی گئی، جس پر سکھ برادری میں شدید مایوسی پھیلی۔
پاکستان کی جانب سے سابق رکن پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی سردار اندرجیت سنگھ کی قیادت میں پاک درشن ڈیوڑھی سے زیرو لائن تک ایک جلوس نکالا گیا۔ زیرو لائن گیٹ بند ہونے کی وجہ سے دونوں ممالک کے شرکاء نے اپنی اپنی حدود میں رہتے ہوئے مذہبی رسومات ادا کیں اور نگر کیرتن کی مناسبت سے دعائیہ تقاریب منعقد کیں۔
یاد رہے کہ یہ مذہبی قافلہ نیرول سیوا سوسائٹی کے زیرِ اہتمام منظم کیا گیا تھا، جس کا مقصد مذہبی ہم آہنگی اور رسومات کی ادائیگی تھا، مگر بھارتی رکاوٹوں کے باعث یہ مشن ادھورا رہ گیا۔