سیالکوٹ (کیو این این ورلڈ/بیوروچیف مدثر رتو) ضلع سیالکوٹ کے ایک سرکاری سکول میں انتہائی افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں زیر تعمیر گورنمنٹ گرلز ہائی سکول کے کلاس رومز کا بھاری بھرکم شیڈ اچانک زمین بوس ہو گیا۔ اس دلخراش حادثے کے نتیجے میں آٹھویں جماعت کی ایک طالبہ ملبے تلے دب کر جاں بحق ہو گئی، جس سے علاقے میں کہرام مچ گیا اور تعلیمی حلقوں میں شدید تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب سکول میں تدریسی عمل جاری تھا اور زیر تعمیر حصے کے قریب موجود طالبہ ملبے کی زد میں آ گئی۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی افراد اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچیں، تاہم افسوسناک امر یہ ہے کہ حادثے کے ایک گھنٹے تک نہ تو ریسکیو اداروں کو باضابطہ مطلع کیا گیا اور نہ ہی زخمی بچی کو بروقت ہسپتال منتقل کرنے کے لیے کوئی ہنگامی اقدامات کیے گئے، جس کے باعث وہ جانبر نہ ہو سکی۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے انتظامیہ سے رپورٹ طلب کر لی ہے، جس کے بعد صوبائی وزیر تعلیم سکندر حیات نے فوری طور پر سکول کا دورہ کیا۔ صوبائی وزیر نے جاں بحق طالبہ کے لواحقین سے ملاقات کر کے گہرے دکھ اور تعزیت کا اظہار کیا اور یقین دلایا کہ غفلت کے مرتکب افراد کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔ ابتدائی تحقیقات میں تعمیراتی کام میں ناقص مٹیریل کے استعمال اور حفاظتی تدابیر کی عدم موجودگی کے شواہد ملے ہیں، جس پر حکومت نے سخت ایکشن لیتے ہوئے متعلقہ ذمہ داران کے خلاف گھیرا تنگ کر دیا ہے۔

واقعے کے فوری بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے سی ای او (CEO) ایجوکیشن، سکول کی پرنسپل اور متعلقہ ٹھیکیدار کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق سرکار کی مدعیت میں باقاعدہ مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جس میں نہ صرف گرفتار افراد بلکہ منصوبے کی نگرانی کرنے والے تینوں انجینئرز کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔ مقامی شہریوں اور سماجی تنظیموں نے اس واقعے کو محکمہ تعلیم اور تعمیراتی کمپنی کی مجرمانہ غفلت قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ تمام زیر تعمیر سرکاری سکولوں کا ازسرنو حفاظتی آڈٹ کرایا جائے تاکہ مستقبل میں ایسے المناک حادثات سے بچا جا سکے اور معصوم زندگیوں کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے