لاہور (کیو این این ورلڈ) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے شائقین کے لیے بڑی خبر سامنے آئی ہے، جہاں سیالکوٹ سٹالینز کا نام باقاعدہ طور پر تبدیل کر کے ‘ملتان سلطانز’ رکھ دیا گیا ہے، جس کے بعد یہ ٹیم اب نئے نام اور عزم کے ساتھ میدان میں اترنے کو تیار ہے۔

لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) سلمان نصیر، حمزہ مجید اور گوہر شاہ نے مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران اس اہم تبدیلی کا باقاعدہ اعلان کیا۔ سلمان نصیر کا کہنا تھا کہ گوہر شاہ کی درخواست پر قانونی گنجائش کو مدنظر رکھتے ہوئے سیالکوٹ سٹالینز کا نام تبدیل کیا گیا ہے۔

ملتان سلطانز کی نئی چیف ایگزیکٹو گوہر شاہ نے اس موقع پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کے لیے جنوبی پنجاب کی نمائندگی کو واپس لانا بہت ضروری تھا، کیونکہ وہ اپنے ریجن کو کرکٹ کے بڑے اسٹیج پر دیکھنا چاہتی ہیں اور پی ایس ایل میں ملتان سلطانز کا نام برقرار رہنا ایک بڑی کامیابی ہے۔

حمزہ مجید، جو ملتان سلطانز کے مالک ہیں، نے گوہر شاہ کی ذہانت اور کرکٹ سے لگاؤ کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس پارٹنر شپ کا مقصد پی ایس ایل کو مزید بہتر بنانا ہے، ٹیم کی اچھی کارکردگی نہ صرف شائقین کو محظوظ کرے گی بلکہ اس کا براہ راست فائدہ پاکستان کرکٹ ٹیم کو بھی ہوگا۔

پی ایس ایل انتظامیہ کے مطابق ٹورنامنٹ کی تیاریاں لاہور میں زور و شور سے جاری ہیں، جہاں ایونٹ کا پہلا میچ اور رنگا رنگ افتتاحی تقریب منعقد ہوگی، جبکہ شائقین کرکٹ اپنی پسندیدہ ٹیم ‘ملتان سلطانز’ کو ایک بار پھر ایکشن میں دیکھنے کے لیے بے تاب ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے