سیالکوٹ (کیو این این ورلڈ/ڈسٹرکٹ رپورٹرحسنین راجہ) ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر نوید اقبال نے بتایا ہے کہ ریسکیو 1122 سیالکوٹ نے ماہِ فروری کے دوران مختلف حادثات اور ہنگامی صورتحال میں بروقت کارروائی کرتے ہوئے 2934 افراد کی قیمتی زندگیاں بچائیں۔ یہ اعدادوشمار سینٹرل ریسکیو اسٹیشن پر منعقدہ ماہانہ کارکردگی کے جائزہ اجلاس میں پیش کیے گئے۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ ریسکیو کنٹرول روم کو ماہ بھر میں مجموعی طور پر 8777 فون کالز موصول ہوئیں، جن میں سے 3167 حقیقی ایمرجنسی کالز تھیں۔ ان کالز میں 1100 سڑک کے حادثات، 1496 میڈیکل ایمرجنسیز، 52 آتشزدگی کے واقعات، 80 کرائم ایمرجنسیز، 144 گرنے کے واقعات اور 278 دیگر ریسکیو آپریشنز شامل تھے۔

ریسکیو ٹیموں نے مجموعی طور پر 3116 متاثرہ افراد کو امداد فراہم کی، جن میں سے 1252 مریضوں کو موقع پر ہی ابتدائی طبی امداد دی گئی، جبکہ 1682 مریضوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد ہسپتال منتقل کیا گیا۔ دورانِ آپریشن یا ہسپتال منتقلی کے دوران 170 افراد جانبر نہ ہوسکے، جبکہ 12 مریضوں کو بہتر علاج کے لیے لاہور منتقل کیا گیا۔

سروس نے کمیونٹی ٹریننگ پروگرام کے تحت 25 سیشنز منعقد کیے جن میں 500 سے زائد شہریوں کو ابتدائی طبی امداد اور آگ سے بچاؤ کی تربیت دی گئی۔ پولیو مہم کے دوران ریسکیو وارڈنز نے 1380 بچوں کو حفاظتی قطرے پلائے، جبکہ ضلع بھر میں بلند و بالا عمارات اور انڈسٹریز کا فائر سیفٹی آڈٹ بھی جاری ہے۔

ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر نے ریسکیو اہلکاروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ہدایت کی کہ وہ اسی جوش و جذبے کے ساتھ انسانیت کی خدمت جاری رکھیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ غیر ضروری اور بوگس کالز سے گریز کریں تاکہ ضرورت مندوں تک بروقت پہنچا جا سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے