سیالکوٹ: مشکوک دستاویزات پر مسافر آف لوڈ، انسانی اسمگلنگ کی کوشش ناکام

سیالکوٹ ( کیو این این ورلڈ/ڈسٹرکٹ رپورٹر حسنین راجہ) امیگریشن حکام نے سیالکوٹ انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر بروقت کارروائی کرتے ہوئے ایک مسافر کو مشکوک سفری دستاویزات اور انسانی اسمگلنگ کے شبہ میں آف لوڈ کر دیا۔ فلائٹ نمبر FZ-316 کی کلیئرنس کے دوران گجرات کے رہائشی مسافر عبدالقدیر کا پاسپورٹ اور سفری ریکارڈ مشکوک پایا گیا، جس پر اسے مزید تفتیش کے لیے شفٹ انچارج کے حوالے کر دیا گیا۔

دورانِ تفتیش انکشاف ہوا کہ مسافر بظاہر آذربائیجان کے وزٹ ویزہ پر سفر کر رہا تھا، تاہم اس کا اصل مقصد وہاں سے غیر قانونی طور پر ترک قبرص پہنچنا تھا۔ مسافر نے اعتراف کیا کہ ایجنٹس محمد اویس اور نبیل گورسی نے اسے 15 لاکھ روپے کے عوض بیرون ملک بھجوانے کی ڈیل کی تھی، جس میں سے 5 لاکھ 50 ہزار روپے وصول کیے جا چکے تھے۔ ایجنٹس نے اسے آذربائیجان پہنچ کر ترک قبرص کا ویزہ فراہم کرنے کا جھانسہ دیا تھا۔

امیگریشن حکام کو مسافر کے موبائل فون سے ایسی واٹس ایپ چیٹس بھی ملی ہیں جن سے انسانی اسمگلنگ کے اس نیٹ ورک کی تصدیق ہوتی ہے۔ حکام نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مسافر کو آف لوڈ کیا اور مزید قانونی چارہ جوئی و تحقیقات کے لیے ایف آئی اے کمپوزٹ سرکل سیالکوٹ کے حوالے کر دیا ہے۔ ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ انسانی اسمگلنگ میں ملوث ایجنٹس کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے