سیالکوٹ (کیو این این ورلڈ/بیورو چیف مدثر رتو) ظفروال روڈ پر واقع پروفیشنل میڈیا الائنس کے مرکزی دفتر میں سینئر صحافیوں کی ایک اہم نشست منعقد ہوئی، جس میں صحافی برادری کو درپیش مسائل اور ان کی فلاح و بہبود کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

نشست سے خطاب کرتے ہوئے الائنس کے مرکزی چیئرمین عثمان بٹ (نمائندہ 7 نیوز) نے کہا کہ صحافیوں کے مسائل کا حل ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے اور اس پلیٹ فارم کے ذریعے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔ وائس چیئرمین ملک ممتاز نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تنظیم کے آئین کے مطابق سیالکوٹ میں مثبت اور ذمہ دارانہ صحافت کو فروغ دے کر اس "گلدستے” کو مزید نکھارا جائے گا۔

صدر ڈاکٹر شہزاد نسیم نے صحافت کو ایک شفاف اور باوقار پیشہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ "ییلو جرنلزم” نے اس شعبے کو نقصان پہنچایا ہے، جس کے خلاف ہم سیسہ پلائی دیوار ثابت ہوں گے۔ جنرل سیکرٹری سعید گجر نے کہا کہ صحافیوں کے وقار کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے الائنس اپنا بھرپور کردار ادا کرے گا، جبکہ سینئر نائب صدر میاں محمد سلیم نے تمام ممبران کو ایک خاندان کی مانند قرار دیتے ہوئے ہر مشکل گھڑی میں ساتھ کھڑے رہنے کا یقین دلایا۔

نشست کے اختتام پر ملکِ پاکستان کی ترقی اور عالمِ اسلام کی سلامتی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ تقریب میں صحافیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور تنظیم کے اغراض و مقاصد کی مکمل تائید کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے