سیالکوٹ (کیو این این ورلڈ/بیوروچیف مدثر رتو) ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی کی خصوصی ہدایات پر ضلعی انتظامیہ نے شہر بھر میں گراں فروشوں اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کیا ہے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نعیم بشیر نے اسسٹنٹ کمشنر اور پرائس مجسٹریٹس کے ہمراہ مختلف بازاروں کا دورہ کیا اور سرکاری نرخ ناموں کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی۔
اس گرینڈ آپریشن کے دوران ناجائز منافع خوری میں ملوث 4 افراد کو موقع پر گرفتار کر لیا گیا، جبکہ ضابطے کی خلاف ورزی پر 3 دکانوں کو سربمہر (سیل) کر دیا گیا۔ اس کے علاوہ 9 گراں فروشوں کو مقررہ نرخوں سے زائد قیمتیں وصول کرنے پر بھاری جرمانے بھی عائد کیے گئے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نے واضح کیا کہ اشیائے خوردونوش کی قیمتوں پر "زیرو ٹالرینس” پالیسی اپنائی گئی ہے اور کسی کو بھی من مانے دام وصول کر کے عوام کو لوٹنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ماہِ صیام کے دوران اب تک ضلع سیالکوٹ میں مجموعی طور پر 40 ہزار 174 انسپکشنز کی جا چکی ہیں۔ ان کارروائیوں کے دوران اب تک 22 دکانداروں کو گرفتار، 15 دکانوں کو سیل اور مجموعی طور پر 1006 گراں فروشوں پر 22 لاکھ 56 ہزار 500 روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ مزید برآں، ایک دکاندار کے خلاف پرائس ایکٹ کے تحت باقاعدہ مقدمہ بھی درج کیا گیا ہے۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نعیم بشیر کا کہنا تھا کہ رمضان المبارک میں عوام کو ریلیف فراہم کرنا انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور اشیائے ضروریہ کی سرکاری نرخوں پر دستیابی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے پرائس مجسٹریٹس کو ہدایت کی کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر مارکیٹس کی چیکنگ جاری رکھیں اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز ایکشن لیں۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر سیالکوٹ رانا صفدر شبیر، انچارج پیرا فورس محمد شفیق، پرائس مجسٹریٹس خالد حسین، ڈاکٹر تنویر اور محمد تنویر بھی موجود تھے۔ حکام نے مختلف بازاروں میں نرخ ناموں کے ساتھ ساتھ اشیائے خوردونوش کے معیار کا بھی تفصیلی جائزہ لیا تاکہ شہریوں کو معیاری اشیاء کی فراہمی ممکن بنائی جا سکے۔