سیالکوٹ (کیو این این ورلڈ/ بیورو چیف مدثر رتو سے) حکومت کی جانب سے رمضان المبارک میں سحری اور افطار کے اوقات میں گیس کی بلا تعطل فراہمی کے بلند بانگ دعوے پہلے ہی روز دھرے کے دھرے رہ گئے۔ سیالکوٹ میں پہلے روزے کی سحری کے وقت گیس کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے شہریوں اور بالخصوص خواتین خانہ کو سحری کی تیاری میں انتہائی دشواری اور ذہنی اذیت کا سامنا کرنا پڑا۔

سوئی گیس کی اچانک بندش نے گھروں میں سحر و افطار کا نظام درہم برہم کر دیا ہے، جس کے باعث روزہ داروں کو بازار سے مہنگے داموں تیار کھانے اور روٹیاں خریدنے پر مجبور ہونا پڑا۔ شہریوں نے شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مقدس مہینے میں بھی بنیادی ضرورت سے محرومی انتظامیہ کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت اپنے وعدے کے مطابق سحری اور افطاری کے اوقات میں گیس کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنائے تاکہ عوام اس بابرکت مہینے کی عبادات سکون سے ادا کر سکیں۔

عوام نے متعلقہ حکام اور محکمہ سوئی گیس کے اعلیٰ افسران سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ شہر میں جاری اس غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا فوری نوٹس لیا جائے اور ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی جائے تاکہ بقیہ ایام میں روزہ داروں کو مزید پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے