سیالکوٹ (کیو این این ورلڈ/بیورو چیف مدثر رتو سے) تحصیل ڈسکہ کے گاؤں لڑھکی میں شادی کی خوشیاں اس وقت حادثے میں بدل گئیں جب ایک مکان کی کچی چھت بوجھ زیادہ ہونے کے باعث اچانک گر گئی۔ گھر میں شادی کی تقریب کی وجہ سے مہمانوں کی بڑی تعداد چھت پر موجود تھی کہ اچانک چھت زمین بوس ہو گئی۔ اس حادثے کے نتیجے میں 18 سالہ مشال اور 40 سالہ نسرین ملبے تلے دب کر زخمی ہو گئیں، جنہیں ریسکیو 1122 نے ملبے سے نکال کر ابتدائی طبی امداد کے بعد ہسپتال منتقل کر دیا۔
دوسری جانب سیالکوٹ کے چوک شہیداں مین بازار میں واقع سٹی گارمنٹس کی دکان میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو کی دو فائر وہیکلز نے آپریشن میں حصہ لیا اور تقریباً ایک گھنٹے کی مسلسل جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا۔ عمارت تنگ ہونے کے باعث اندر دھواں بھر گیا جس سے ریسکیو اہلکاروں کو آپریشن کے دوران شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، تاہم ریسکیورز نے بروقت کارروائی کر کے آگ کو مزید پھیلنے سے روک لیا جس سے ملحقہ عمارتیں اور بازار بڑی تباہی سے بچ گئے۔
دکان کے مالک کے مطابق آگ لگنے سے تقریباً 3 لاکھ روپے مالیت کا نقصان ہوا ہے، جبکہ ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ بروقت کارروائی کے ذریعے دکان میں موجود 4 لاکھ روپے مالیت کا سامان اور دیگر اثاثے محفوظ کر لیے گئے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق آگ دکان کی اوپر والی منزل میں شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگی تھی۔ دونوں واقعات نے علاقے میں تشویش کی لہر دوڑا دی، تاہم امدادی ٹیموں کی مستعدی سے بڑا جانی نقصان ہونے سے بچ گیا۔