سیالکوٹ (کیو این این ورلڈ/ بیوروچیف مدثر رتو) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نعیم بشیر کی زیرِ صدارت ضلعی امن و بین المذاہب ہم آہنگی کمیٹی کا خصوصی اجلاس ڈی سی آفس کے کانفرنس ہال میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں رمضان المبارک کے پیشِ نظر احترامِ رمضان آرڈیننس پر عملدرآمد، امن و امان اور شہری سہولیات کی فراہمی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کے دوران مساجد اور امام بارگاہوں کی سیکیورٹی، صفائی ستھرائی کے انتظامات اور اسٹریٹ لائٹس کی بحالی جیسے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نے متعلقہ محکموں کو سخت ہدایات جاری کیں کہ ماہِ مقدس میں عوام کو ہر ممکن ریلیف فراہم کیا جائے اور کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

نعیم بشیر نے علماء کرام پر زور دیا کہ وہ معاشرے میں رواداری، اخوت اور بھائی چارے کے فروغ کے لیے اپنا کلیدی کردار ادا کریں تاکہ رمضان المبارک کے دوران امن و ہم آہنگی کی فضا برقرار رہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ احترامِ رمضان آرڈیننس کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تحصیل کی سطح پر اسسٹنٹ کمشنرز اور ایس ڈی پی اوز امن کمیٹی کے ارکان کے ساتھ علیحدہ میٹنگز کریں گے تاکہ مقامی مسائل کو فوری طور پر حل کیا جا سکے۔ اس موقع پر کوآرڈینیٹر حافظ اصغر علی چیمہ، نجم الحسن گیلانی اور دیگر ارکان نے بھی خطاب کرتے ہوئے انتظامیہ کو اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔

اجلاس کے اختتام پر ضلعی انتظامیہ اور امن کمیٹی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ باہمی اشتراک سے رمضان المبارک کے دوران امن و امان اور صفائی کے بہترین انتظامات کو یقینی بنایا جائے گا۔ تمام مکاتبِ فکر کے نمائندوں نے ملک کی سلامتی اور مذہبی ہم آہنگی کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے