سیالکوٹ (کیو این این ورلڈ/بیورو چیف مدثر رتو) سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی ڈیپارٹمنٹل کمیٹی برائے فیئر اینڈ ایگزیبیشن کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں برآمدات کے فروغ، بین الاقوامی تجارتی میلوں میں شرکت اور غیر ملکی مارکیٹس تک رسائی کے امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔

اجلاس سے صدر سیالکوٹ چیمبر سید احتشام گیلانی، چیئرمین ڈیپارٹمنٹل کمیٹی قیصر بیگ، سینیئر نائب صدر محمد مراد ارشد اور چوہدری رضا منیر نے خصوصی خطاب کیا۔ شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین قیصر بیگ نے کہا کہ سیالکوٹ چیمبر ملکی برآمدات میں اضافے کے لیے بھرپور کردار ادا کر رہا ہے اور اسی مقصد کے تحت مختلف ممالک میں تجارتی وفود بھیجے جائیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ بنگلہ دیش، چین، انڈونیشیا، عراق سمیت دیگر ممالک کے سفارت خانوں اور کمرشل قونصلرز سے مسلسل رابطے جاری ہیں، جبکہ بعض ممالک کے سفارت کاروں کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی گئی ہے، جس سے پاکستانی مصنوعات کیلئے نئی منڈیاں کھلنے کی امید ہے۔

اجلاس میں کمیٹی ممبران عامر حمید بھٹی، خواجہ عابد، زوہیب بیگ، راجہ ثاقب، ناصر سلیم مرزا، محمد رفیق مغل، محمد اشفاق اور حافظ جنید نے اپنی آراء کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ فیئر اینڈ ایگزیبیشن کے تحت بھیجے جانے والے تجارتی وفود میں چھوٹے کاروباری اداروں کو بھی شامل کیا جائے تاکہ انہیں بھی بڑے برآمد کنندگان کے برابر مواقع میسر آ سکیں۔

اجلاس کے اختتام پر فیئر اینڈ ایگزیبیشن کمیٹی کے ممبران نے ممتاز بزنس مین قیصر بیگ کو دوبارہ چیئرمین منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی اور ان کی سابقہ کارکردگی کو سراہتے ہوئے خراجِ تحسین بھی پیش کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے