سیالکوٹ (کیو این این ورلڈ/بیوروچیف مدثر رتو) گورنمنٹ علامہ اقبال میموریل ٹیچنگ ہسپتال میں صفائی کے ناقص انتظامات نے ہسپتال کو بیماریوں کا گڑھ بنا دیا ہے۔ خصوصاً ایمرجنسی اور گائنی وارڈ جیسے حساس شعبہ جات میں گندگی کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں، جس کے باعث مریضوں اور ان کے لواحقین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
ذرائع کے مطابق صفائی پر مامور عملہ فرض شناسی کے بجائے مریضوں کے تیمارداروں سے پیسے مانگنے میں مصروف ہے، جبکہ پیسے نہ دینے کی صورت میں صفائی سے صاف انکار کر دیا جاتا ہے۔ ہسپتال کے مختلف حصوں میں کچرے اور کیڑوں کی موجودگی کی ویڈیوز بھی منظرِ عام پر آ چکی ہیں، جو انتظامیہ کی مجرمانہ غفلت کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔
شہری حلقوں نے اس ابتر صورتحال پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے اسے انتظامیہ کی ناکامی قرار دیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ایک طرف حکومت پنجاب صحت کی سہولیات بہتر بنانے کے دعوے کر رہی ہے اور دوسری طرف شہر کے بڑے ہسپتال میں مریضوں کو بنیادی صفائی تک میسر نہیں ہے۔
شہریوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز، کمشنر گوجرانوالہ اور ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ سے مطالبہ کیا ہے کہ ہسپتال کی صورتحال کا فوری نوٹس لیا جائے، کرپٹ اور کام چور عملے کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے اور ہسپتال میں صفائی کے نظام کو ہنگامی بنیادوں پر بہتر بنایا جائے تاکہ دکھی انسانیت کو محفوظ ماحول فراہم ہو سکے۔