سیالکوٹ (کیو این این ورلڈ/ڈسٹرکٹ رپورٹر حسنین راجہ سے):ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ صبا اصغر علی نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر ضلع سیالکوٹ بھر میں رمضان المبارک کے دوران 32 رمضان نگہبان دسترخوان قائم کیے جائیں گے، جہاں حکومتِ پنجاب کی جانب سے روزانہ 8 ہزار افراد کے لیے مفت افطاری کا اہتمام کیا جائے گا۔

یہ بات انہوں نے رمضان المبارک کے انتظامات کے حوالے سے منعقدہ ایک اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل سمیت مختلف محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ ضلع کی ہر تحصیل میں 8، 8 رمضان نگہبان دسترخوان لگائے جائیں گے اور ہر دسترخوان پر روزانہ 250 مستحق اور مسافر افراد کو باعزت انداز میں افطاری فراہم کی جائے گی۔

ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی نے کہا کہ رمضان نگہبان دسترخوان لاری اڈوں، ریلوے اسٹیشنز، ہسپتالوں کے اطراف اور دیگر رش والے مقامات پر قائم کیے جائیں گے تاکہ زیادہ سے زیادہ روزے دار اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ افطاری کے معیار، صفائی ستھرائی اور بہترین انتظامات کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اور کھانے کی تیاری و تقسیم کے عمل کی کڑی نگرانی کی جائے۔

انہوں نے بتایا کہ افطاری میں چکن بریانی، رائتہ، کھجور، سموسہ، شربت اور تازہ پھل شامل ہوں گے جبکہ صاف پینے کے پانی کی فراہمی بھی یقینی بنائی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ رمضان المبارک میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور اس حوالے سے کسی قسم کی کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔

اجلاس کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ رمضان نگہبان دسترخوان کے قیام، سکیورٹی، ٹریفک مینجمنٹ اور صفائی کے انتظامات بروقت مکمل کیے جائیں تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی نے مزید کہا کہ جو مخیر حضرات رمضان نگہبان دسترخوان لگانے کے خواہاں ہیں وہ متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر کے پاس خود کو رجسٹر کروائیں تاکہ باہمی کوآرڈینیشن کے ذریعے روزے داروں کی بہتر انداز میں خدمت کی جا سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے