شجاع آباد ( کیو این این ورلڈ) شجاع آباد کے نواحی علاقے میں انسانیت سوز واقعہ پیش آیا ہے جہاں ایک سفاک استاد نے درندگی کی تمام حدیں پار کرتے ہوئے اپنی ہی 8 سالہ کم سن طالبہ کو مبینہ طور پر ہوس کا نشانہ بنا ڈالا، اس لرزہ خیز واقعے نے پورے علاقے میں کہرام مچا دیا ہے اور انسانیت لرز اٹھی ہے۔
ذرائع کے مطابق متاثرہ بچی کو تشویشناک حالت میں فوری طور پر مقامی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں اسے طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے، ڈاکٹروں نے بچی کی حالت کو نازک قرار دیا ہے جبکہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور شواہد اکٹھے کرنے کے بعد تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم واردات کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا ہے تاہم واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور ملزم کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں، پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ملزم کو جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا۔
علاقہ مکینوں نے اس افسوسناک واقعے پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ درندہ صفت ملزم کو عبرتناک سزا دی جائے تاکہ آئندہ کوئی ایسی ہمت نہ کر سکے، سماجی حلقوں نے بھی واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے متاثرہ خاندان کو مکمل انصاف فراہم کرنے پر زور دیا ہے