ریلوے ٹریک پر دھماکا، جعفر ایکسپریس محفوظ، تخریب کاری کی کوشش ناکام

شکارپور: (کیو این این ورلڈ)شکارپور میں مسافر ٹرین جعفر ایکسپریس کو دھماکے سے اڑانے کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔ سلطان کوٹ کے قریب ہمایوں ریلوے اسٹیشن کے مقام پر ریلوے ٹریک پر زور دار دھماکا ہوا، تاہم ٹرین چند منٹ قبل ہی بحفاظت وہاں سے گزر چکی تھی۔

ریلوے پولیس کے مطابق دھماکا کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس کو نشانہ بنانے کے لیے کیا گیا تھا، لیکن بروقت گزر جانے کے باعث ایک بڑے سانحے سے بچاؤ ممکن ہو سکا۔ دھماکے کے نتیجے میں ریلوے ٹریک کو نقصان پہنچا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

ریلوے حکام نے واقعے کے بعد حفاظتی اقدامات کے تحت کوئٹہ سے پنجاب جانے والی عید اسپیشل ٹرین کو عارضی طور پر روک دیا اور ٹریک کی مرمت کا عمل فوری شروع کر دیا گیا۔

دوسری جانب سندھ کے وزیر داخلہ ضیا الحسن لنجار نے ایس ایس پی شکارپور سے فوری رابطہ کر کے واقعے کی تفصیلات طلب کر لیں اور سکیورٹی انتظامات مزید سخت کرنے کی ہدایت جاری کی۔

ایس ایس پی شکارپور کے مطابق دھماکے کی نوعیت اور اس میں استعمال ہونے والے مواد کا تعین کیا جا رہا ہے جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے ہیں۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعہ تخریب کاری کی کارروائی معلوم ہوتا ہے، تاہم مزید تحقیقات جاری ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے