ڈھاکا (کیو این این ورلڈ) بنگلادیش جماعت اسلامی کے امیر ڈاکٹر شفیق الرحمٰن کو ملک کی 13ویں قومی پارلیمنٹ میں قائدِ حزبِ اختلاف (اپوزیشن لیڈر) نامزد کر دیا گیا ہے۔ بنگلادیشی میڈیا کے مطابق یہ اہم فیصلہ جماعت اسلامی کی قیادت میں قائم 11 جماعتی اتحاد کے اجلاس میں کیا گیا۔
نامزدگیوں کے مطابق جماعت اسلامی کے نائب امیر سید عبداللہ محمد طاہر کو ڈپٹی لیڈر آف اپوزیشن مقرر کیا گیا ہے۔ اسی طرح اتحادی جماعت ‘نیشنل سٹیزن پارٹی’ (این سی پی) کے کنوینر ناہید اسلام کو اپوزیشن کا چیف وہپ نامزد کیا گیا ہے، جو پارلیمانی امور میں اپوزیشن کے نظم و ضبط کی نگرانی کریں گے۔
اس سے قبل جاتیا سنگسد بھون میں منعقدہ ایک باوقار تقریب میں جماعت اسلامی کے نومنتخب اراکینِ پارلیمنٹ نے اپنی رکنیت کا حلف اٹھایا۔ چیف الیکشن کمشنر اے ایم ایم ناصر الدین نے اراکین سے حلف لیا، جس کے بعد ان اراکین نے آئینی اصلاحات کونسل کے ارکان کے طور پر بھی حلف برداری کی کارروائی مکمل کی۔
حلف برداری کی تقریب کے فوری بعد پارلیمنٹ کمپلیکس میں 11 جماعتی اتحاد کا ایک اہم اجلاس امیر جماعت اسلامی ڈاکٹر شفیق الرحمٰن کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اسی اجلاس میں پارلیمانی عہدوں کے لیے نامزدگیوں کی منظوری دی گئی اور مستقبل کی پارلیمانی حکمتِ عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
بنگلادیش کی نئی پارلیمنٹ میں جماعت اسلامی اور اس کے اتحادیوں کی یہ نامزدگیاں ملک کی سیاسی صورتحال میں ایک اہم تبدیلی کے طور پر دیکھی جا رہی ہیں۔ مبصرین کا ماننا ہے کہ اپوزیشن لیڈر کے طور پر شفیق الرحمٰن کی نامزدگی سے پارلیمنٹ میں حکومت کے خلاف ایک مضبوط آواز سامنے آئے گی۔