کویت سٹی (کیو این این ورلڈ) کویتی وزارت دفاع نے تصدیق کی ہے کہ آج صبح ملک میں متعدد امریکی فوجی طیارے گر کر تباہ ہو گئے ہیں۔ ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں طیاروں کی تباہی کی تصدیق تو کی گئی ہے تاہم ان کے گرنے کی وجوہات فی الحال واضح نہیں کی گئیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ تمام عملہ محفوظ ہے جسے طبی معائنے کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
امریکی سینٹرل کمانڈ کے ایک عہدیدار نے بھی کویت میں طیارہ تباہ ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ عملہ بروقت ایجیکٹ کرنے میں کامیاب رہا۔ امریکی حکام کے مطابق واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں اور علاقے میں سکیورٹی کے انتظامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں۔ روسی میڈیا نے بھی ایف-15 طیارے کے گرنے اور اس کے پائلٹ کے زخمی ہونے کی اطلاع دی ہے۔
دوسری جانب ایران کے سرکاری میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ ایرانی فضائی دفاع نے ملکی حدود کی خلاف ورزی پر امریکی ایف-15 لڑاکا طیارے کو مار گرایا ہے جو کویت میں جا گرا۔ ایرانی فوج کا کہنا ہے کہ کویت میں قائم امریکی "علی السالم” ایئر بیس کو نشانہ بنایا جا رہا ہے اور حالیہ حملوں میں اس بیس کو مکمل طور پر ناکارہ بنا دیا گیا ہے۔
ایرانی حکام کے مطابق گزشتہ چند گھنٹوں کے دوران کویت میں امریکی فوجی اڈے اور بحر ہند میں دشمن کے جہازوں پر 15 کروز میزائل داغے گئے ہیں۔ واضح رہے کہ امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملوں کے بعد تہران نے ان تمام خلیجی ممالک میں قائم امریکی اڈوں کو نشانہ بنانے کا اعلان کر رکھا ہے جہاں سے ایران کے خلاف کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔