سعودی وزیر خارجہ کی وزیراعظم سے ملاقات

اسلام آباد ( کیو این این ورلڈ) وزیراعظم شہباز شریف سے سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے اہم ملاقات کی جس میں وزیراعظم نے پاکستان کی جانب سے سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اعادہ کیا۔ اس اعلیٰ سطحی ملاقات میں وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور مشیر قومی سلامتی لیفٹیننٹ جنرل محمد عاصم ملک بھی موجود تھے۔

ملاقات کے حوالے سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان گفتگو انتہائی خوشگوار اور دوستانہ ماحول میں ہوئی، جس میں خطے کی موجودہ صورتحال، امن و استحکام اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے لیے اپنی نیک تمناؤں کا پیغام پہنچایا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے موجودہ علاقائی بحران کے دوران سعودی عرب کے غیر معمولی تحمل اور مدبرانہ حکمت عملی کو سراہا۔ انہوں نے حالیہ دنوں میں سعودی ولی عہد کے ساتھ ہونے والی اپنی گفتگو کا حوالہ دیتے ہوئے سعودی وزیر خارجہ کو پاکستان کی سفارتی کوششوں سے بھی آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے خاص طور پر امریکہ اور ایران کو مذاکرات کی میز پر لانے کے لیے پاکستان کے کردار پر روشنی ڈالی۔

گفتگو کے دوران وزیراعظم نے مسلم امہ میں سعودی عرب کے قائدانہ کردار کی اہمیت پر زور دیا اور اسلامی ممالک کے درمیان اتحاد و اتفاق کی ضرورت کو اجاگر کیا۔ سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے خطے کی صورتحال پر سعودی موقف سے آگاہ کیا۔ دونوں ممالک نے امن و استحکام کے لیے مشترکہ کوششیں اور قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔

اسی دوران وزیراعظم شہباز شریف سے ترکیہ اور مصر کے وزرائے خارجہ نے بھی الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ وزیراعظم نے اپنے دفتر آمد پر معزز مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا اور برادر اسلامی ممالک کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کی مضبوطی پر زور دیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے