ریاض (کیو این این ورلڈ) فیلڈ مارشل اور چیف آف ڈیفنس فورسز سید عاصم منیر نے سعودی عرب کے دورے کے دوران سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان سے اہم ملاقات کی ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق اس ملاقات میں ایران کے ڈرون اور میزائل حملوں سے پیدا ہونے والی حالیہ سیکیورٹی صورتحال اور علاقائی استحکام پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔

تفصیلات کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے ایرانی حملوں کو روکنے کے لیے اسٹریٹجک دفاعی معاہدے کے تحت مشترکہ اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ملاقات میں اس بات پر زور دیا گیا کہ کسی بھی ملک کی جانب سے بلاوجہ جارحیت خطے کے امن اور استحکام کے لیے سنگین خطرہ ہے۔ رہنماؤں نے واضح کیا کہ ایسے حملے مذاکرات کے امکانات کو محدود کر دیتے ہیں اور بحران کو مزید سنگین بناتے ہیں۔

ملاقات میں دونوں فریقین نے اس امید کا اظہار کیا کہ ایران موجودہ صورتحال میں سمجھداری اور دانشمندی کا مظاہرہ کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایران کی محتاط حکمت عملی ہی دوست ممالک کو اس بحران کے پرامن حل کے لیے کی جانے والی کوششوں میں مدد فراہم کر سکے گی۔ فیلڈ مارشل اور سعودی وزیر دفاع نے علاقائی سیکیورٹی کے فروغ اور دوستی کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے باہمی تعاون کو وسعت دینے پر اتفاق کیا۔

دونوں ممالک کے رہنماؤں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین دفاعی و تزویراتی تعلقات کو مزید مستحکم بنایا جائے گا تاکہ خطے کو کسی بھی بڑے تنازع سے بچایا جا سکے۔ ملاقات میں دفاعی تعاون کے نئے پہلوؤں اور مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مشترکہ حکمت عملی پر بھی غور کیا گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے