ریاض (کیو این این ورلڈ) مشرقِ وسطیٰ میں کشیدہ صورتحال کے پیش نظر عرب اور اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ کا اہم اجلاس سعودی دارالحکومت ریاض میں منعقد ہوا، جس میں علاقائی سلامتی اور استحکام کو یقینی بنانے کے لیے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔
اجلاس کے دوران سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان نے خلیجی ممالک پر ایرانی حملوں کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب ایسے اقدامات کے جواب میں فوجی کارروائی کا حق محفوظ رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران خطے میں کشیدگی بڑھا رہا ہے اور ہمسایہ ممالک کے خلاف جارحانہ رویہ اختیار کیے ہوئے ہے۔
سعودی وزیر خارجہ نے اس بات پر بھی زور دیا کہ مسائل کے حل کے لیے سفارتی کوششیں اور مذاکرات جاری رکھے جائیں گے تاکہ خطے میں امن قائم کیا جا سکے۔
وزرائے خارجہ کے اس اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کی۔ دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان کی جانب سے تمام ممالک پر حملوں کے خاتمے اور کشیدگی کم کرنے پر زور دیا گیا۔
اجلاس میں آذربائیجان، بحرین، شام، قطر، ترکی، متحدہ عرب امارات، کویت، اردن اور مصر کے وزرائے خارجہ نے بھی شرکت کی اور خطے کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔