روس نے یوکرین پر ہائپر سونک میزائلوں اور ڈرونز کے ذریعے بڑے پیمانے پر حملہ کیا، جس میں فوجی اور توانائی سے متعلق تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔ حملوں کے نتیجے میں توانائی اور صنعتی انفرااسٹرکچر کو شدید نقصان پہنچا اور ملک بھر میں 10 لاکھ سے زائد گھر بجلی سے محروم ہو گئے۔
یوکرینی حکام کے مطابق ہفتے کی شب روسی افواج کی جانب سے حملوں کی ایک شدید لہر دیکھی گئی، جس کے باعث بجلی کی ترسیل کا نظام متاثر ہوا۔ یوکرینی صدر وولودیمیر زیلنسکی نے بتایا کہ رات گئے ہونے والے حملوں میں روس نے 450 سے زائد ڈرونز اور 30 میزائل استعمال کیے، جن کے نتیجے میں درجنوں شہری تنصیبات کو نقصان پہنچا۔
یوکرین کے وزیرِ داخلہ نے کہا کہ روسی حملوں میں ملک کے پانچ علاقوں کو نشانہ بنایا گیا، جن میں کم از کم پانچ افراد زخمی ہوئے۔ متاثرہ علاقوں میں آگ بجھانے اور بجلی کی فراہمی بحال کرنے کے لیے ہنگامی اقدامات جاری ہیں۔
دوسری جانب روسی وزارتِ دفاع کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی روس میں شہری اہداف پر یوکرینی حملوں کے جواب میں کی گئی۔ روسی مؤقف کے مطابق حملوں میں یوکرین کی فوجی اور توانائی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا اور اس دوران کنزال ہائپر سونک میزائل سمیت دیگر جدید ہتھیار استعمال کیے گئے۔