پشاور (کیو این این ورلڈ) رمضان المبارک 1447ھ کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اہم اجلاس کل بروز بدھ پشاور میں طلب کر لیا گیا ہے۔ اجلاس کی صدارت کمیٹی کے چیئرمین مولانا محمد عبدالخبیر آزاد کریں گے، جس میں ملک بھر سے چاند کی رویت سے متعلق شہادتیں جمع کی جائیں گی۔
مرکزی اجلاس کے ساتھ ساتھ تمام زونل اور ضلعی ہلال کمیٹیوں کے اجلاس بھی اپنے اپنے متعلقہ مقامات پر منعقد ہوں گے۔ چاند کی رویت کے حوالے سے حتمی اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی ملک بھر سے موصول ہونے والی معتبر شہادتوں کو مدنظر رکھ کر کرے گی۔
دوسری جانب پاکستان کے قومی خلائی ادارے ‘سپارکو’ نے رمضان المبارک کے چاند سے متعلق اہم پیش گوئی جاری کی ہے۔ سپارکو کے مطابق 18 فروری کی شام چاند انسانی آنکھ سے دیکھے جانے کا واضح امکان ہے، جس کے تحت پاکستان میں پہلا روزہ 19 فروری کو ہونے کی قوی توقع ہے۔
ترجمان کے مطابق رمضان المبارک کا نیا چاند 17 فروری کو شام 5 بج کر ایک منٹ پر پیدا ہو چکا ہے۔ 18 فروری کو غروبِ آفتاب کے وقت چاند کی عمر تقریباً 25 گھنٹے اور 48 منٹ ہوگی، جو کہ فلکیاتی طور پر انسانی آنکھ سے دیکھنے کے لیے موزوں ترین وقت ہے۔
محکمہ موسمیات اور ماہرینِ فلکیات نے بھی اس بار مطلع صاف ہونے کی صورت میں چاند کی باآسانی رویت کا امکان ظاہر کیا ہے۔ پوری قوم کی نظریں کل ہونے والے اجلاس پر لگی ہیں تاکہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے کا باقاعدہ آغاز کیا جا سکے۔