ماسکو (کیو این این ورلڈ) روس کے صدر ولادیمیر پوتن نے اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر کو تعزیتی پیغام ارسال کرتے ہوئے ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی مبینہ شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
روسی ایوانِ صدر کریملن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ صدر پوتن نے اس واقعے کو انسانی اخلاقیات اور بین الاقوامی قانون کی کھلی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے اسے افسوسناک اور قابلِ مذمت اقدام قرار دیا۔
اپنے پیغام میں روسی صدر کا کہنا تھا کہ آیت اللہ علی خامنہ ای کو روس میں ایک مدبر رہنما کے طور پر یاد رکھا جائے گا، جنہوں نے روس اور ایران کے درمیان دوستانہ تعلقات کو فروغ دینے اور انہیں جامع اسٹریٹجک شراکت داری تک لے جانے میں اہم کردار ادا کیا۔
صدر پوتن نے ایرانی ہم منصب سے درخواست کی کہ وہ سپریم لیڈر کے اہلِ خانہ، ایرانی حکومت اور عوام تک روسی قیادت کی جانب سے دلی ہمدردی اور مکمل حمایت کا پیغام پہنچائیں۔
واضح رہے کہ اس مبینہ واقعے کے بعد خطے میں کشیدگی بڑھنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے جبکہ عالمی برادری کی جانب سے ممکنہ ردعمل پر بھی نظر رکھی جا رہی ہے۔