کراچی/حیدرآباد (کیو این این ورلڈ/نامہ نگاربشیراحمدبلوچ کی رپورٹ) سندھ کے مختلف شہروں میں جرائم کی وارداتوں اور پولیس کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے، جہاں کراچی میں تاجر لاکھوں روپے سے محروم ہو گیا وہیں حیدرآباد میں پولیس نے ایک بدنام زمانہ منشیات ڈیلر کو مقابلے میں ہلاک کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے نیو کراچی سیکٹر سکس بی میں پیر کی شام مسلح ڈاکوؤں نے مقامی تاجر محمد میمن کو نشانہ بنایا۔ دو موٹرسائیکلوں پر سوار تین ڈاکوؤں نے اسلحے کے زور پر تاجر سے 18 لاکھ 75 ہزار روپے نقدی، سال 2025 ماڈل کی موٹرسائیکل اور دو موبائل فون لوٹ لیے۔ ملزمان فرار ہوتے وقت تاجر کو ہراساں کرنے کے لیے فائرنگ بھی کرتے رہے۔ متاثرہ تاجر نے نیو کراچی انڈسٹریل ایریا تھانے میں مقدمہ درج کروا دیا ہے۔

ادھر ماڈل کالونی کے علاقے نشتر پارک کے قریب بھی ڈکیتی کی ایک واردات پیش آئی جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظرعام پر آگئی ہے۔ فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ تین مسلح ملزمان نے موٹرسائیکل سوار شہری کو روک کر اس سے پرس چھین لیا، تاہم شہری کی مزاحمت کے باعث ڈاکو موٹرسائیکل چھیننے میں ناکام رہے۔ ماہِ صیام میں بھی اسٹریٹ کرائم کی بڑھتی ہوئی وارداتوں نے شہریوں میں شدید تشویش پیدا کر دی ہے۔

دوسری جانب حیدرآباد کے علاقے ٹنڈو یوسف میں فتح باغ کے قریب پولیس اور منشیات فروشوں کے درمیان مبینہ مقابلہ ہوا جس میں بدنام زمانہ ڈیلر لال بخش عرف نانو ہلاک ہو گیا۔ پولیس ترجمان کے مطابق ملزم کے قبضے سے پستول اور بھاری مقدار میں منشیات برآمد ہوئی ہے۔ ہلاک ملزم کرسٹل آئس اور چرس کا بڑا ڈیلر تھا اور پولیس مقابلوں سمیت سنگین نوعیت کے 14 سے زائد مقدمات میں مطلوب تھا۔ اس کے دیگر ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے جن کی تلاش جاری ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے