سکھر (کیو این این ورلڈ / نامہ نگار مشتاق علی لغاری) سندھ حکومت کے احکامات پر جاری "نجات مہران” پولیس آپریشن کے بڑھتے ہوئے دباؤ کے نتیجے میں ایک بڑی کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ سنگین نوعیت کے 40 سے زائد مقدمات میں مطلوب بدنام زمانہ ڈاکو فرحان شاہ راشدی نے پولیس کے سامنے ہتھیار ڈال دیے ہیں۔

ڈی آئی جی لاڑکانہ و سکھر ناصر آفتاب کی قیادت میں وضع کردہ موثر حکمت عملی اور ایس ایس پی خیرپور ڈاکٹر سمیع اللہ سومرو کی سربراہی میں جاری کارروائیوں نے ڈاکوؤں کو سرینڈر کرنے یا منطقی انجام کے لیے تیار رہنے کا واضح پیغام دیا تھا۔ اسی دباؤ کے نتیجے میں خیرپور پولیس کو یہ اہم کامیابی ملی ہے۔

پولیس کے مطابق سرینڈر کرنے والا ڈاکو فرحان شاہ ولد ریاض حسین شاہ راشدی کچے کے علاقوں اور سب ڈویژن پیرجوگوٹھ میں دہشت کی علامت سمجھا جاتا تھا۔ ملزم قتل، چوری، ڈکیتی، لوٹ مار، بھتہ خوری اور پولیس مقابلوں سمیت دہشت گردی کے درجنوں سنگین مقدمات میں پولیس کو طویل عرصے سے مطلوب تھا۔

ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ کچے میں جاری "نجات مہران” آپریشن ڈاکوؤں کے مکمل خاتمے اور امن و امان کی بحالی تک بلاامتیاز جاری رہے گا۔ پولیس انتظامیہ عوام کی جان و مال کے تحفظ اور علاقے سے جرائم کے بیخ کنی کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے