اسلام آباد(ویب ڈیسک)محکمہ پاسپورٹ نے شہریوں کو سفری دستاویزات کی فراہمی میں تاخیر کے خاتمے اور عملے کی کارکردگی کو جانچنے کے لیے ایک جامع اور جدید مانیٹرنگ نظام متعارف کرا دیا ہے۔ محکمہ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق ڈی جی پاسپورٹ مصطفیٰ جمال قاضی کے احکامات پر ہیڈ کوارٹرز میں ایک خصوصی مانیٹرنگ روم قائم کیا گیا ہے جو چوبیس گھنٹے فعال رہے گا۔ اس نظام کی خاص بات "ڈیجیٹل انٹیگریٹڈ ڈیش بورڈ” ہے جس کے ذریعے پاسپورٹ کی درخواست جمع ہونے سے لے کر اس کی پرنٹنگ اور فراہمی تک کے تمام مراحل کی رئیل ٹائم نگرانی کی جائے گی۔ اس جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے اب پاسپورٹ دفاتر میں شہریوں کے رش کی خودکار نشاندہی بھی ممکن ہو سکے گی، جس سے انتظامیہ کو بروقت اقدامات کرنے میں مدد ملے گی۔

ڈی جی پاسپورٹ مصطفیٰ جمال قاضی کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ نئے سسٹم کا مقصد محکمے کی مجموعی کارکردگی کو شفاف بنانا اور عوامی شکایات کا فوری ازالہ کرنا ہے۔ نئے نیٹ ورک مینجمنٹ سسٹم کے تحت نہ صرف پاسپورٹ پرنٹنگ کے بیک لاگ کی نگرانی ہوگی بلکہ مشینوں کی فنی صورتحال اور عملے کی انفرادی کارکردگی کا بھی باقاعدہ جائزہ لیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ جہاں کہیں بھی رش یا کام کی رفتار میں کمی کی نشاندہی ہوگی، وہاں مسائل کو فی الفور حل کرنے کے لیے ایک مربوط طریقہ کار وضع کر دیا گیا ہے۔ اس اقدام سے جہاں پاسپورٹ کے حصول میں حائل رکاوٹیں دور ہوں گی، وہی شہریوں کو جدید سہولیات کے ذریعے کم سے کم وقت میں پاسپورٹ کی ڈیلیوری یقینی بنائی جا سکے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے