ننکانہ صاحب: (کیو این این ورلڈ/نامہ نگاراحسان اللہ ایاز)ڈپٹی کمشنر ننکانہ محمد تسلیم اختر راؤ اور وائس چانسلر ڈاکٹر شاہد عمران نے بابا گرو نانک یونیورسٹی کے نئے کیمپس کا تفصیلی دورہ کیا، جہاں انہوں نے اکیڈمک بلاکس سمیت مختلف حصوں میں جاری تعمیراتی کاموں کی رفتار اور معیار کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنر، رجسٹرار، ڈی ڈی ڈویلپمنٹ اور ڈی او انفارمیشن سمیت دیگر اعلیٰ افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ دورے کے دوران ایکسین بلڈنگ کاشف خورشید نے یونیورسٹی کے ماسٹر پلان اور تعمیراتی مراحل کے حوالے سے وفد کو تفصیلی بریفنگ دی، جس پر ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ تعمیراتی معیار پر سمجھوتہ کیے بغیر کام کی رفتار کو مزید تیز کیا جائے تاکہ نیا کیمپس جلد از جلد یونیورسٹی انتظامیہ کے حوالے کیا جا سکے۔

وائس چانسلر ڈاکٹر شاہد عمران نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی میں تعلیمی سرگرمیوں کے بلا تعطل تسلسل اور بڑھتی ہوئی انتظامی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ان منصوبوں کی بروقت تکمیل ناگزیر ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ عالمی معیار کی تعلیمی سہولیات کی فراہمی کے لیے جدید انفراسٹرکچر بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔ دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر اور وائس چانسلر نے دیگر افسران کے ہمراہ یونیورسٹی گراؤنڈ میں پودے لگا کر شجرکاری مہم کا آغاز بھی کیا۔ ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ نے ہدایت کی کہ کیمپس کو صاف ستھرا اور سرسبز بنانے کے لیے بڑے پیمانے پر پودے لگائے جائیں تاکہ طلبہ کو ایک بہترین اور صحت مند تعلیمی ماحول میسر آ سکے۔ ضلعی انتظامیہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ یونیورسٹی کی تکمیل کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے تاکہ یہ خطے میں علم کی شمع روشن کرنے کا اہم ذریعہ بن سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے