راولپنڈی (کیو این این ورلڈ)راولپنڈی میں ایک ہی روز پیش آنے والے دو افسوسناک واقعات نے شہر کو سوگ میں مبتلا کر دیا۔ ایک جانب گھریلو تنازع پر فائرنگ کے نتیجے میں شوہر اور اس کی دو بیویوں کو قتل کر دیا گیا، جبکہ دوسری جانب ٹریفک کے المناک حادثے میں تین کمسن بچیاں اور ان کی والدہ جان سے ہاتھ دھو بیٹھیں۔
پہلا واقعہ راولپنڈی کے علاقے پشاور روڈ، قاسم آباد بازار میں پیش آیا، جہاں تھانہ نصیر آباد پولیس کی حدود میں گھر کے اندر فائرنگ کی گئی۔ فائرنگ کے نتیجے میں شوہر حسن عرف بادشاہ اور اس کی دو بیویاں نور اور ندا موقع پر ہی جاں بحق ہو گئیں۔
اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیمیں پانچ ایمرجنسی گاڑیوں اور دس سے زائد اہلکاروں کے ہمراہ جائے وقوعہ پر پہنچیں۔ ریسکیو حکام کے مطابق فرانزک شواہد اکٹھے کرنے کے بعد تینوں نعشوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں رشتہ داری کے تنازع کو واقعے کی وجہ قرار دیا جا رہا ہے۔ مقتول کے بیٹے کے ابتدائی بیان میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ گاؤں سے آئے رشتہ داروں نے فائرنگ کر کے قتل کیا۔
واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے سید خالد محمود ہمدانی سی پی او راولپنڈی نے سینئر افسران کو فوری کارروائی کی ہدایت کی۔ ایس ایس پی آپریشنز، ایس ایس پی انویسٹیگیشن اور ایس پی پوٹھوہار پولیس نفری کے ہمراہ موقع پر موجود رہے اور شواہد اکٹھے کیے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے تمام پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں اور ملوث ملزمان کو جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
دوسرا افسوسناک واقعہ راولپنڈی کی تحصیل ٹیکسلا کے علاقے باہتر روڈ، برہما انٹرچینج کے قریب پیش آیا، جہاں رانگ سائیڈ سے آنے والے تیز رفتار ڈمپر نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی۔ حادثے کے نتیجے میں موٹر سائیکل پر سوار ایک ہی خاندان کی تین کمسن بچیاں اور ان کی والدہ جاں بحق ہو گئیں، جبکہ موٹر سائیکل چلانے والا ماموں عبد الرحمان شدید زخمی ہو گیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 2 سالہ مریم اسد، 4 سالہ ثانیہ اسد، 5 سالہ شیمہ اسد اور ان کی 34 سالہ والدہ رمیم بی بی شامل ہیں۔ زخمی ماموں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد اسپتال منتقل کر دیا گیا، جبکہ نعشوں کو قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد اسپتال منتقل کیا گیا۔
ترجمان ریسکیو 1122 راولپنڈی کے مطابق ابتدائی شواہد سے ظاہر ہوتا ہے کہ حادثہ ڈمپر ڈرائیور کی غفلت کے باعث پیش آیا۔
اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر صبغت اللہ نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہریوں کو ہدایت کی کہ وہ دورانِ ڈرائیونگ رفتار پر قابو رکھیں، ٹریفک قوانین کی پابندی کریں، موٹر سائیکل سوار ہیلمٹ کا لازمی استعمال کریں اور بھاری گاڑیوں کے قریب غیر ضروری اوور ٹیکنگ سے گریز کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ احتیاطی تدابیر اختیار کر کے قیمتی انسانی جانوں کو بچایا جا سکتا ہے