اُدے پور (کیو این این ورلڈ) بھارتی فلم انڈسٹری کی مقبول ترین جوڑی رشمیکا منڈانا اور وجے دیوراکونڈا آج 26 فروری 2026 کو راجستھان کے شہر اُدے پور کے پرتعیش ریزورٹ آئی ٹی سی میمنٹوز میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہو گئے ہیں۔ اس جوڑی کو بھارتی میڈیا کی جانب سے امیر ترین نوجوان جوڑی قرار دیا جا رہا ہے جن کی شادی کی تقریبات گزشتہ تین روز سے جاری تھیں۔ شادی کی خاص بات دونوں خاندانوں کی مختلف روایات کا احترام تھا، جس کے تحت دو الگ الگ رسومات ادا کی گئیں۔ آج صبح 10 بج کر 10 منٹ پر وجے دیوراکونڈا کے خاندان کے لیے روایتی تیلگو شادی منعقد کی گئی، جس میں منگل سوترم باندھنے کی مقدس رسم کے دوران جوڑا کافی جذباتی نظر آیا۔ دوسری جانب، شام کے وقت رشمیکا کے خاندانی پس منظر کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے کُرگ (کوڈاوا) روایات کے تحت دوسری تقریب منعقد کی جائے گی۔

اس پروقار شادی کو وجے اور رشمیکا کے ناموں کی مناسبت سے ’ویروش ویڈنگ‘ کا نام دیا گیا ہے۔ شادی سے قبل منعقدہ تقریبات میں ہلدی، مہندی اور سنگیت کی محفلوں کے علاوہ دونوں خاندانوں کے درمیان ایک دوستانہ کرکٹ میچ بھی کھیلا گیا جسے ’ویروش پریمیئر لیگ‘ کا نام دیا گیا تھا۔ شادی کی تقریب کو انتہائی نجی رکھتے ہوئے محض 100 مہمانوں کو مدعو کیا گیا تھا، جن میں خاندان کے افراد اور قریبی دوستوں سمیت تیلگو فلم انڈسٹری کی معروف شخصیات شامل تھیں۔ سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کے باعث مداحوں کی بڑی تعداد ہوٹل کے باہر اپنے پسندیدہ ستاروں کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے موجود رہی۔

واضح رہے کہ رشمیکا اور وجے کی پہلی ملاقات 2018 میں فلم ’گیتا گووندم‘ کے سیٹ پر ہوئی تھی، جس کے بعد ان کے درمیان گہری دوستی اور محبت کا رشتہ پروان چڑھا۔ طویل عرصے تک اپنے تعلقات کو خفیہ رکھنے کے بعد جوڑے نے اکتوبر 2025 میں حیدرآباد میں منگنی کی تھی۔ سوشل میڈیا پر مداحوں اور فلمی ستاروں کی جانب سے اس نو بیاہتا جوڑے کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا جا رہا ہے اور اسے سال کی سب سے بڑی اور خوبصورت شادی قرار دیا جا رہا ہے۔ اُدے پور میں شادی کی ان نجی تقریبات کے بعد حیدرآباد میں ایک عظیم الشان استقبالیہ (ریسپشن) بھی متوقع ہے جس میں شوبز انڈسٹری کے مزید ستاروں کی شرکت کا امکان ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے