لاہور (کیو این این ورلڈ): راؤ عبدالکریم کو نیا انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب جبکہ ڈاکٹر عثمان انور کو ڈائریکٹر جنرل فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ڈی جی ایف آئی اے) تعینات کرنے کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ شب پنجاب حکومت نے آئی جی پنجاب کی تعیناتی کے لیے تین نام وفاقی حکومت کو ارسال کیے تھے، جن میں وسیم سیال، بلال کمیانہ اور راؤ عبدالکریم شامل تھے، جس کے بعد وفاق کی منظوری سے راؤ عبدالکریم کو آئی جی پنجاب مقرر کر دیا گیا۔
نئے آئی جی پنجاب راؤ عبدالکریم کا تعلق 24ویں کامن سے ہے۔ وہ اس سے قبل ایڈیشنل آئی جی اسپیشل برانچ کے عہدے پر تعینات تھے۔ انہوں نے 1996 میں بطور اے ایس پی پولیس سروس آف پاکستان میں شمولیت اختیار کی۔ راؤ عبدالکریم ایڈیشنل آئی جی پی ایچ پی، کمانڈنٹ پی سی اور ڈی آئی جی ٹیلی کمیونی کیشن سمیت مختلف اہم عہدوں پر فرائض انجام دے چکے ہیں، جبکہ وہ قصور اور جھنگ میں بطور ڈی پی او بھی خدمات سرانجام دے چکے ہیں۔
دوسری جانب ڈاکٹر عثمان انور کو ڈی جی ایف آئی اے تعینات کر دیا گیا ہے۔ ڈاکٹر عثمان انور کو 24 جنوری 2023ء کو آئی جی پنجاب مقرر کیا گیا تھا، اور انہوں نے 24 فروری 2023ء سے 2 فروری 2026ء تک بطور آئی جی پنجاب تین سال سے زائد عرصہ فرائض انجام دیے۔
مزید برآں ڈی جی ایف آئی اے راجہ رفعت مختار کا بھی تبادلہ کر دیا گیا ہے، اور انہیں اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔
